سندھ کے کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کو شہید اور بکتر بند گاڑی پر قبضہ کرکے ویڈیو میں سندھ پولیس کو چیلنج کرنے والا بدنام ڈاکو جنگل تیغانی ایک ساتھی کے ہمراہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس شکارپور تنویر تنیو کے مطابق ان کی پولیس پارٹی نے جمعہ کو رات گئے خفیہ اطلاع پر شکارپور کے کچے کے علاقے میں ایک کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، پولیس نے بھی جدید ہتھیاروں سے جوابی فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ مقابلے میں ایک ملزم جنگل خان عرف جنگل تیغانی ساتھی سمیت مارا گیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ وہی خطرناک ملزم ہے جس نے کچھ عرصہ قبل پولیس والوں پر حملہ کرکے کئی اہلکاروں کو شہید کیا تھا اور بکتر بند گاڑی پر قبضہ کرکے ڈانس کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں حکومت اور سندھ پولیس کو چیلنج کیا گیا تھا۔