کراچی، ساحل پر پھنسا جہاز نکالنے کا کام آج پھر روک دیا گیا

کراچی کے ساحل پر پھنسا مال بردار بحری جہاز ہینگ ٹونگ کو نکالنے کا کام آج پھر روک دیا گیا  ہے۔

سالویج کمپنی کا کہنا ہے کہ  ٹگ بوٹس سے جہاز منسلک کرنے والا دو ٹن وزنی رسہ ٹوٹ گیا جس کے باعث کام روک دیا گیا ہے، آٹھ ٹن وزنی وائر منسلک ہونے سے قبل ہی ٹوٹ گئی تھی۔

کمپنی کو ہینگ ٹونگ جہاز نکالنے میں آج بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس سے قبل کمپنی سیلویج کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ  آج آپریشن میں کامیابی کا امکان ہے،کمپنی کا کہنا تھا کہ کوئی آپریشنل دقت پیش نہ آئی تو آج سی ویو پر پھنسا جہاز نکال لیا جائے گا۔

گزشتہ روز سی ویو پر پھنسے جہاز کو نکالنے کا آپریشن مؤخرکردیا گیا تھا، بارج کے اینکرز ٹوٹنے اور آپریشنل تیاریاں پوری نہ ہونے کے باعث آپریشن مؤخر کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ کراچی کے ساحل پر 21 جولائی کو کارگو بحری جہاز پھنسا جس پر کئی کنٹینر لدے ہوئے ہیں، کے پی ٹی کے ترجمان کے مطابق جہاز کا انجن کمزور ہونے کی وجہ سے جہاز اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آگیا۔

جہاز کے کپتان کے مطابق جہاز کا ایک اینکر 20 جولائی کو ٹوٹا، جہاز کو فوری برتھ دینے کی درخواست کی کیونکہ ایک اینکر کے ساتھ جہاز سنبھالنا مشکل تھا لیکن برتھ نہ دی گئی۔

کپتان نے بتایا کہ بحری جہاز کا دوسرا اینکر 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب رات 1 بج کر 15 منٹ پر ٹوٹا، بحیثیت کیپٹن ایک بج کر 20 منٹ پر ایمرجنسی کال کی، ایمرجنسی کال پورٹ قاسم اور منوڑہ بھی سن رہا تھا لیکن کے پی ٹی کنٹرول نے کوئی مدد نہ کی، کے پی ٹی کنٹرول نے افسران کے میٹنگ میں ہونے کا بتایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں