معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ویزے کی درخواست مسترد ہونے پر کہنا ہے کہ ظلِ سبحانی اب پاکستان کی ٹکٹ کٹوائیں جہاں جیل ان کی منتظر ہے جس کے لیے کسی ویزہ کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان علاج کی غرض سے لندن میں مقیم مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف کو ظل سبحانی کہہ کر مخاطب کیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ برطانیہ نے ظل سبحانی کے ویزے میں توسیع نہ کر کے ایک اور جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا ہے، ثابت ہوگیا کہ ظل سبحانی مرض کا ڈھونگ رچا رہا تھا، پاکستان کی عوام اور برطانیہ کو چکمہ دے رہا تھا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ٹھکانہ جیل ہے، ملک اور قوم کے ساتھ دغا کرنے والوں کا حشر نشر ایسا ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ظل سبحانی نے اپنی دھرتی چھوڑ کر جس ملک میں اربوں کھربوں کی جائیدادیں بنائیں، اس ملک نے ان کا کرپٹ بوجھ برداشت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اب بھی وقت ہے ظل سبحانی قوم سے لوٹی دولت واپس کردیں اور قوم سے معافی مانگیں تاکہ مزید رسوائی سے بچ سکیں۔