تیزپات کے صحت سے متعلق طبی فوائد

تیزپات کے صحت سے متعلق طبی فوائد

تیز پات جسے تیز پتہ بھی کہا جاتا ہے، ایشائی ممالک میں عام طور پر کھانوں میں محض خوشبو اور ذائقے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور زیادہ تر خواتین اس کے دیگر طبی فوائد سے آگاہ ہی نہیں ہیں جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیز پات ذہنی تناؤ کم کرنے سمیت دیگر بیماریوں میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

غذائی و طبی ماہرین کی جانب سے تیز پات کے بے شمار فوائد گنوائے جاتے ہیں جبکہ ماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق کھانوں میں استعمال کیے جانے والا تیز پات ایک دوا کی طرح صحت پر اثر انداز ہوتا ہے، اس میں کچھ ایسے قدرتی اجزاء پائے جاتے ہیں جو دماغ کو پُرسکون رہنے میں مدد فراہم کرتے ہیں جبکہ تیز پتہ سانس لینے میں دشواری جیسی شکایت بھی دور کرتا ہے۔

سونے سے قبل اگر ایک تیز پات کسی برتن میں جلا کر کمرے میں رکھ دیں (کمرے میں دھونی دیں لیں) اور کھڑکیاں، دروازے بند کر دیں تو اس کے نتیجے میں انسان انتہائی پُرسکون نیند سو سکتا ہے کیوں کہ اس سے سانس کی دشواری دُور ہوجاتی ہے اور فضا میں ایک خوشگوار سی خوشبو بھی پھیل جاتی ہے، یہ ٹوٹکا خصوصاً دَمے کے مریضوں کے لیے بے حد مفید ہے۔

علاوہ ازیں جس جگہ مچھر بہت زیادہ ہوں اگر وہاں ایک تیز پات جلا دیں تو مچھر بھاگ جاتے ہیں۔

تیز پات غذائیت سے بھر پور ہوتا ہے جس کے استعمال سے گرتے بالوں کا علاج بھی ممکن ہے۔

گرتے بالوں کے علاج کے لیے دو کپ پانی میں 8 سے 10عدد تیز پات اُبال لیں، عام روٹین کے مطابق شیمپو سے بال دھو کر آخر میں اس پانی سے بالوں کو نتھار لیں، 7 دنوں تک لگاتار اس عمل کو دہرائیں، حیرت انگیز نتائج دیکھ کر آپ خود دنگ رہ جائیں گے۔

طبی ماہرین کے مطابق تیز پات جوڑوں کے درد اور ورم میں آرام پہنچانے کے علاوہ سر درد اور بے چینی کی کیفیت ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے، اس کا استعمال قوت مدافعت کو بیماریوں کے خلاف مضبوط بناتا ہے۔

تیز پات کے پتے پیٹ سے متعلق شکایتوں کو بھی دور کرتے ہیں، روزانہ اس کا استعمال چائے میں کیا جائے تو قبض، گیس اور دوسری بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

تیز پات نہ صرف مثانے کے نظام کو بہتر بناتا ہے بلکہ مثانہ اور گردے کی پتھری کا علاج بھی کرتا۔

تیز پات کی ایسیڈک خصوصیات سے پتھری ٹوٹ جاتی ہے اور پتھری کو جسم سے قدرتی طور پر نکلنے میں مدد ملتی ہے۔

تیزپات کے استعمال سے جوڑوں کے درد کا علاج:

سب سے پہلے 250 ملی گرام زیتون کا تیل اور 30 گرام تیز پتا لے لیں، اب ان پتوں کو ہاتھوں کی مدد سے توڑ کر زیتون کے تیل میں بھگو دیں۔

اب تیل کو ایک شیشے کی بوتل میں ڈال کر دو ہفتوں کے لیے اندھیرے میں رکھ دیں، اس بوتل کو 2 ہفتوں سے قبل نہ اندھیرے سے اٹھائیں  ور نہ ہی کھولیں۔

دو ہفتوں بعد تیل کو ململ کے باریک کپڑے سے چھان کر کسی دوسری بوتل میں محفوظ کر لیں۔

اب اس بوتل کو کسی ٹھنڈی جگہ پر رکھیں اور جسم کے جس جوڑ میں درد ہو وہاں اس تیل سے مساج کریں، حیرت انگیز فوائد کے لیے دن میں دو بار مساج کریں۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں