مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے 5 اگست کے اقدام کے آج 2 برس مکمل ہونے پر دفترِ خارجہ سے ریلی نکالی گئی ہے۔
اس موقع پر کشمیر یکجہتی ریلی کے لیے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ 1 منٹ کے لیے ملک بھر میں ٹریفک بھی روک دیا گیا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ سے ریلی نکالی گئی ہے جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور دیگر وزراء بھی موجود ہیں۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ریلی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن آئے گا جب کشمیری اپنا حق حاصل کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کیا جا رہا ہے، 5 اگست 2019ء کے اقدامات کو مسترد کیا جا رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کا اقدام سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے برعکس تھا، دنیا بھر میں مقیم کشمیری مودی حکومت کا اقدام مسترد کر رہے ہیں۔