پی پی قیادت نے سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کی منظوری دے دی

پی پی قیادت نے سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کی منظوری دے دی

پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔ امکان ہے کہ وزیر اعلی سندھ کئی کابینہ ارکان کو فارغ کر کے نئے رہنماؤں کو شامل کریں گے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ سندھ کے صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال، وزیر خوراک ہری رام کشوری لال اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ورکس اینڈ سروسز نثار کھوڑو کو کابینہ سے فارغ کیا جا سکتا ہے، جبکہ وزیر خوراک سندھ اسمعیل راہو، ناصر حسین شاہ اور سعید غنی کے قلمدان میں تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سے منتخب رکن ساجد جوکھیو ، ٹنڈو الہ یار سے رکن ضیا عباس شاہ اور حیدر آباد سے منتخب رکن سندھ اسمبلی جام خان شورو جلد صوبائی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

 ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے ریاض شاہ شیرازی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء منظور وسان کو وزیر اعلیٰ سندھ کا مشیر مقرر کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے ضلع غربی سے منتخب رکن سندھ اسمبلی لیاقت آسکانی اور خاتون رکن سندھ اسمبلی تنزیلہ قمبرانی اور تھر پارکر سے منتخب رکن ارباب لطف اللّٰہ کو وزیر اعلیٰ سندھ کا معاون خصوصی مقرر کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں