عید کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستانی روپے کی بہت بڑی چھلانگ

کراچی (حالات میڈیا ڈسک) عید کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستانی روپے کی بہت بڑی چھلانگ۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے بعد جمعہ کے کاروباری روز کے دوران پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 9 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ تاہم آج بروز پیر کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستانی روپیہ تگڑا کم بیک کرنے میں کامیاب ہوا۔
پیر کے روز انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پیر کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قد ر میں کمی کا رجحان رہا جس کی وجہ سے پاکستانی روپیہ تگڑا ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1.70روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 162.20روپے سے گھٹ کر160.50روپے اور قیمت فروخت 162.30روپے سے گھٹ کر160.60روپے پر آ گئی۔اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں80پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 161.80 روپے سے کم ہو کر161روپے اور قیمت فروخت162.30روپے سے کم ہو کر161.50روپے پر آ گئی۔ ذرائع کے مطابق پیر کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ہونے والی کمی حالیہ کچھ عرصے کے بعد ایک دن کے دوران امریکی کرنسی کی قیمت میں سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ جبکہ فاریکس رپورٹ کے مطابق ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی۔یورو کی قدر میں1روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے یورو کی قیمت خرید 189روپے سے کم ہو کر188روپے اورقیمت فروخت191روپے سے کم ہو کر190روپے ہو گئی۔ اسی طرح1.50روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 220.80روپے سے گھٹ کر219.50روپے اور قیمت فروخت223روپے سے گھٹ کر221.50روپے پر آ گئی۔ واضح رہے کہ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 9 ماہ ک بلند ترین سطح پر پہنچ جانے کے حوالے سے ماہرین کی جانب سے بتایا گیا کہ اس وقت ملک کی امپورٹس میں اضافے اور قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کی رسد، طلب کے مقابلے میں کم ہے، اسی کیے کئی ہفتوں سے امریکی کرنسی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا، جسے پیر کے روز بریک لگ گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں