وزیراعظم عمران خان کی چینی اور خوردنی تیل کی مناسب قیمتوں کیلئے اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد (حالات میڈیا ڈسک) وزیراعظم عمران خان نے چینی اور خوردنی تیل کی مناسب قیمتوں کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی ہے، سستی چینی کیلئے 30 نومبر تک چینی پرسیلز ٹیکس کا نفاذ واپس ایکس مل قیمت پر لے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے حکم دیا کہ بنیادی اشیاءکی متعین کردہ قیمتوں پر عملدرآمد نہ کروانے پرذمہ دران افسران کیخلاف کاروائی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں چینی پر 30 نومبر تک سیلز ٹیکس کا نفاذواپس کرکے قیمت ایکس مل ریٹ پر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا، سیلز ٹیکس کا نفاذ ایکس مل قیمت پر لے جانے کا فیصلہ چینی کی قیمت میں کمی کیلئے کیا گیا، وزارت صنعت و وزارت خزانہ چینی کی ضروریات کا تعین اور درآمد کا جائزہ لیں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں مناسب تعین کیا جائے اورطے کردہ قیمتوں کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔فیصلہ کیا گیا کہ متعین کردہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے میں غفلت کے مرتکب افسران کیخلاف کاروائی کی جائے۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ خوردنی تیل کی مناسب قیمتوں کے تعین کیلئے نظام تشکیل دیا جائے۔ اشیائے ضروریہ کے ڈیٹا شیئرنگ سے قانون کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ لاہور نے عوام کو مہنگائی میں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر چینی کی فروخت کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور نے چینی کی نئی قیمت 88 روپے 24 پیسے مقرر کردی ہے۔ چینی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن بھی کردیا گیا ہے۔ ضلعی حکومت کی طرف سے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت بھی جاری کردی گئی۔ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخ ناموں کے مطابق چینی کی فروخت کو یقینی بنائے گے اور گراں فروشی کرنے والے دکانداروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں