ملزم عاطف زمان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

مرید عباس قتل: ملزم عاطف زمان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی کی عدالت نے نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کے قتل کے کیس میں ملزم عاطف زمان کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جو آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔

کیس کی مدعیہ کے وکیل جبران ناصرایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم نے کیس میں مسلسل خود تاخیری حربے استعمال کیئے، ملزم عاطف زمان مکار اور عادی مجرم ہے۔

جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کہا کہ عاطف زمان خطرناک ملزم ہے، جس نے پیسے مانگنے پر 2 افراد کا قتل کر دیا، سپریم کورٹ کی ہدایات ہیں کہ ایسے ملزم کو ضمانت پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔

ملزم عاطف زمان کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عاطف زمان بے گناہ ہے، ملزم نے کوئی جرم نہیں کیا، مرید عباس کے قتل کا مقدمہ ایک روز کی تاخیر سے درج کیا گیا۔

ملزم عاطف زمان کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ تاخیر سے مقدمے کا اندارج شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے، 10 جولائی 2019ء سے کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں