کرنٹ سے جاں بحق راحیل کچھ دیر بعد بچے کا باپ بن گیا

کراچی: کرنٹ سے جاں بحق راحیل کچھ دیر بعد بچے کا باپ بن گیا

گزشتہ روز کی بارش کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

حسین آباد میں موٹر سائیکل سوار شہری راحیل مبینہ طور پر کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا، جس کے انتقال کے کچھ دیر بعد اس کے یہاں بچے کی ولادت ہوئی۔

کریم آباد میں دکان میں نوکری کرنے والا 25 سالہ راحیل دکان سے کام ختم کر کے اسپتال اپنی حاملہ اہلیہ کے پاس جا رہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گیا اور حسین آباد فوڈ اسٹریٹ کے قریب مبینہ طور پر کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو طلب کیا گیا تاہم کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ کھمبا کے الیکٹرک کی ملکیت نہیں بلکہ ٹاؤن کی ملکیت ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راحیل کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی ہے یا موٹر سائیکل سے گر کر ہوئی ہے، اس بات کی فوری تصدیق نہیں ہو سکی تاہم تفتیش کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

راحیل کی موت کے کچھ دیر بعد اس کے یہاں بچے کی ولادت ہوئی ہے۔

دوسری جانب گلشنِ اقبال کے بلاک 10 میں گھر کے باہر بیٹھا شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 40 سالہ سومار کے نام سے ہوئی ہے۔

ادھر شیر شاہ میں گھر کے باہر کرنٹ لگنے سے امید علی نامی شخص انتقال کر گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں