پیپلز پارٹی سندھ کا علی امین گنڈاپور کیخلاف احتجاج کا اعلان

پیپلز پارٹی سندھ کا علی امین گنڈاپور کیخلاف احتجاج کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کیجانب سے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف بیان دینے کے خلاف 18 جولائی اتوار کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔ 

پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کیجانب سے 18 جولائی اتوار کے روز سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کر کے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان 18 جولائی اتوار کو سندھ بھر میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کروا کر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے متعلق بدزبانی کرنے والے علی امین گنڈاپور کو بھرپور جواب دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار کا ٹولہ لیڈرشپ کے خلاف بد زبانی کرکے انتشار پیدا کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت گالم گلوچ بریگیڈ ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کشمیر کی عوام پیسوں سے نہیں بکی تو گنڈا پور شہید بھٹو کے خلاف بدزبانی پر اتر آئے جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان علی امین گنڈا پور کے شہید بھٹو کے متعلق بدزبانی کا نوٹس لے کر گنڈا پور کو وزارت سے فارغ کرے۔

نثار کھوڑو نے یہ بھی کہا کہ اگر علی امین گنڈاپور کی شہید بھٹو کے متعلق بدزبانی کا نوٹس لے کر کاروائی نہیں کی گئی تو پھر پیپلز پارٹی کے کارکنان بھرپور جواب دینے کی ہمت رکھتے ہیں۔

پی پی پی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کیجانب سے کبھی پارلیمنٹ کی توہین تو کبھی خواتین تو کبھی لیڈرشپ کے خلاف توہین آمیز باتیں عمران خان اور ان کے وزراء کا مائنڈ سیٹ ظاہر کرتی ہیں۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ حکومت چلانا اور عوام کو ریلیف دینا پی ٹی آئی کی گالم گلوچ بریگیڈ والی حکومت کے بس کا کام نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جس تھالی میں کھاتی ہے اسی میں چھید کرتی ہے، یہ ان کا وتیرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شھید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس آئین کے تحت پی ٹی آئی ایوانوں اور حکومت میں ہے مگر آئین دینے والے لیڈر کے متعلق بدزبانی کر کے اپنی اصلیت ظاہر کردی ہے۔

انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار کے جھانسوں، جھوٹے وعدوں اور غلط پالیسیوں نے قوم کو منتشر کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی سرکار نے بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کرکے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ اب عوام آمر ضیاء الحق کی طرح عمران خان اور اس کی حکومت کے جانے کے لیے دعائیں مانگ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں