سابق صدر ممنون حسین علالت کے باعث انتقال کرگئے

سابق صدر مملکت  ممنون حسین علالت کے باعث انتقال کرگئے، ممنون حسین کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے ارسلان ممنون نے کی۔

ارسلان ممنون کا کہنا ہے کہ ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والد کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

 ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو آگرہ شہر میں پیدا ہوئے، وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں سے ایک تھے اور 2013 سے 2018 تک صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہے۔

صدر مملکت عارف علوی، مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا آفریدی نے ممنون حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر  افسوس ہے، دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے سابق صدر ممنون حسین کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان سے محبت کرنے والی صاحب کردار شخصیت سے محروم ہوگئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابق صدر ممنون حسین نواز شریف کے بااعتماد اور نظریاتی ساتھی تھے، ملک و قوم کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممنون حسین کی ملک کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا آفریدی نے بھی سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں