نگلیریا کا جرثومہ ایک اور شخص کو کھا گیا، اموات 5 ہو گئیں

کراچی: نگلیریا کا جرثومہ ایک اور شخص کو کھا گیا، اموات 5 ہو گئیں

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نگلیریا فولیری کے جرثومے نے ایک اور شخص کی جان لے لی، جس کے بعد شہر میں اس سے اموات کی تعداد 5 ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق جاں بحق ہونے والا نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ ملیر میں واقع فارم ہاؤس میں پکنک منانے کے دوران سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے نگلیریا فولیری کا شکار ہوا ہے۔

خیال رہے کہ نگلیریا فولیری نامی جرثومہ آلودہ پانی میں پیدا ہوتا ہے جو کہ ناک کے ذریعے انسانی دماغ میں داخل ہوکر اسے کھانا شروع کرتا اور شدید نقصان پہنچاتا ہے جس سے موت واقع ہو جاتی ہے۔

کراچی میں رواں سال نگلیریا سے اب تک 5 ہلاکتیں سامنے آچکی ہیں۔

گزشتہ دنوں اس جرثومے سے اموات سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت متحرک ہو گیا تھا جس نے فوری طور پر انسدادِ نگلیریا کے سلسلے میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ کمیٹی واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس، سوئمنگ پولز اور مساجد کے ٹینک میں پانی میں کلورین کی مقدار کو مانیٹر کرے گی۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ کمیٹی مطلوبہ مقدار سے کم کلورین سامنے آنے پر قانونی کارروائی بھی کرے گی۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں