کراچی کی رونقیں بحال کی جائینگی، پیپلزپارٹی عملی اقدامات کرتی ہے، مرتضیٰ وہاب

کراچی کی رونقیں بحال کی جائینگی، پیپلزپارٹی عملی اقدامات کرتی ہے، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی اور نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اس موقع پر احکامات بھی جاری کیے، بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، شہریوں کے تعاون سے کراچی کی رونقیں بحال کرینگے، شہر کے پارکس کو مکمل بحال کیا جائے گا۔

انہوں نے اتوار کی صبح کلفٹن کے پارک باغِ رستم پہنچ کر کے ایم سی حکام کو پارک کی تزئین و آرائش کے احکامات جاری کیے۔ ڈی جی پارکس طحہ سلیم اور کے ایم سی حکام کی جانب سے باغ کی تزئین و آرائش، از سر نو بحالی پر بریفنگ دی گئی، حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پارک کی تزئین و آرائش اور بحالی پر کام شروع ہوچکا ہے۔

کے ایم سی کے پارکس ڈیپارٹمنٹ نے ملبے کو صاف کرنا شروع کردیا ہے، بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا کہ پارک میں مزید پودے اور درخت لگا کر پارک کو مکمل بحال کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہر کے تمام پارکس کو بحال کریگی شہری اپنے پارکس کو صاف ستھرا رکھیں پارکس میں گندگی پھیلانے سے گریز کیا جائے شہریوں کے تعاون سے کراچی سمیت سندھ بھر کو سرسبز و شاداب بنائینگے۔ 

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ‏چنیوٹ کمیونٹی اور ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کے ساتھ پی ٹی آئی رہنما سردار عزیز خان کی رہائشگاہ ڈیفنس فیز 7 میں ملاقات کی اور انکے ہمراہ ناشتہ کیا بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رہائشیوں کے مسائل سنے اور انہیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم اور کارکنان بھی موجود تھے۔ بعدازاں ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضٰی وہاب شہر کے مختلف علاقوں کے دورے پر روانہ ہوئے۔

انہوں نے گل بائی چورنگی روڈ اور کیماڑی روڈ کی کارپٹنگ اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، اور میڈیا سے بات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر کا انتہائی اہم علاقہ جہاں ہزاروں چھوٹی بڑی گاڑیاں روزانہ گزرتی ہیں۔ گزشتہ بارشوں میں یہ علاقہ خاص طور گل بائی چورنگی شدید متاثر ہواتھا۔

ابھی یہاں پر نئی اسٹریم واٹر ڈرین بنا دی گئی ہے تا کہ بارش کے پانی کو لیاری ندی کی طرف بھیجا جا سکے، بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے وعدہ کیا تھا وہ وعدہ وفا ہونے کو ہے آج میں نے خود آکر یہاں دیکھا کہ ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہے۔

ضلع کیماڑی میں کئی مقامات پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے سائٹ کے علاقے کا بھی دورہ کرکے سائٹ ایریا میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ ایریا میں 15 چھوٹی بڑی سڑکیں ہیں جن میں سے تین مکمل ہوگئی ہیں۔ دیگر روڈز پر کام جاری ہے اور وہ بھی جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائینگے۔

انھوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ روڈ کو مکمل کردیا گیا ہے پولیس اسٹیشن روڈ اور دیگر سڑکوں کو جلد مکمل کیا جائیگا۔ بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں سے کئے گئے اپنے وعدوں کو وفا کر رہی ہے۔ ہم شہریوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرینگے۔ سندھ حکومت پر تنقید بلا جواز ہے، ملک میں کوئی کام کررہا ہے تو وہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں