امین گنڈا پور کی ویڈیو، وزیرِ اعظم کو چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا خط

وفاقی وزیرِ امور کشمیر امین گنڈا پور کی رقم تقسیم کرنے والی ویڈیو کے معاملے پر وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے خط لکھ دیا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے خط کے ذریعے وزیرِ اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وفاقی وزراء کو الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ 2021ء کی خلاف ورزی سے روکا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزراء کو بھی الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر پابندی کی ہدایت کریں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے انتخابات کا آزادانہ و منصفانہ انعقاد یقینی بنائے، کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں ریاستی وسائل استعمال نہ کیئے جائیں۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے اپنے خط میں کہا ہے کہ وفاقی، آزاد کشمیر اور صوبائی حکومتیں کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے یہ بھی کہا ہے کہ جس امیدوار کے حلقے میں خلاف ورزی ہوئی اسے نا اہل قرار دے دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں