عثمان بزدار کا دورہ ڈی جی خان، 6 سرکاری افسر ہٹا دیئے

عثمان بزدار کا دورہ ڈی جی خان، 6 سرکاری افسر ہٹا دیئے

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثما ن بزدار نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے عوام کی شکایات اور فرائض سے غفلت برتنے پر سرکاری افسران کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے 6 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار کے حکم سے جن افسروں کو ہٹایا گیا ہے ان میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈی جی خان حافظ احمد طارق اور ایکسیئن ہائی وے گلفام اقبال شامل ہیں۔

ایم ایس ٹیچنگ اسپتال ڈی جی خان ڈاکٹر اطہر فاروق، جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل ڈی جی خان یاسر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو مظفر گڑھ عمران شمس اور تحصیل دار ڈی جی خان آفتاب اقبال کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

اس موقع پر پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثما ن بزدار نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ نہ کرنے والے افسروں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، اب افسروں کو افسر شاہی چھوڑ کر عوامی خدمت کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کوتاہی یا غفلت نظر آئی بغیر وقت ضائع کیئے ایکشن ہو گا، شہروں کے وزٹ اور عوام کے فیڈ بیک سے زمینی حقائق کا علم ہوتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں جو افسر ڈیلیور کرے گا، وہی عہدے پر رہے گا، سرکاری فرائض میں کوتاہی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افسروں کو عوامی توقعات پر پورا اترنا ہو گا، عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسران قبلہ درست کر لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں