آزاد کشمیر انتخابات کی تیاریاں عروج پر، کشمیری عوام اپنے ووٹ کے حق کا بھرپور استعمال کرنے کیلئے تیار

مظفرآباد (بیوو رپورٹ) آزاد کشمیر انتخابات کی تیاریاں عروج پر، کشمیری عوام اپنے ووٹ کے حق کا بھرپور استعمال کرنے کیلئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات میں کم دن باقی رہ جانے کے بعد سیاسی درجہ حرارت بڑھ چکا ہے۔ تینوں بڑی جماعتوں نے آزاد کشمیر کے تمام حلقوں میں امیدوار اتار دیے ہیں، اگلے چند روز کے دوران انتخابی مہم بھرپور عروج حاصل کر لے گی۔
پیپلز پارٹی کے چئیرمین آزاد کشیر میں انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں، جبکہ مریم نواز بھی کل آزاد کشمیر پہنچ کر ن لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز کر دیں گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے بھی آزاد کشمیر انتخابات کی مہم چلانے کیلئے حکمت عملی طے کرلی ہے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات کا انعقاد 25 جولائی کو ہو گا۔

جبکہ انتخابات کے حوالے سے ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تینوں بڑی سیاسی جماعتوں میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، تاہم وفاقی حکومت میں ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف کو دیگر جماعتوں پر برتری حاصل ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر الیکشن کیلئے تمام 45 نشستوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن نے 44 حلقوں میں امیدوار کھڑے کیے۔ ن لیگ کے کئی امیدوار ایک سے زائد نشستوں پر الیکشن لڑیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوران کشمیری شہری اس بات کا جائزہ لیتے ہیں کہ کس امیدوار کو ووٹ دینے سے ان کے حلقے کے مسائل حل ہوں گے۔
عمومی طور پر جس بھی جماعت کی وفاق میں حکومت ہو، آزاد کشمیر انتخابات میں بھی اسی جماعت کی فتح ہوتی ہے۔ اسی لیے روایت کے عین مطابق 25 جولائی کے آزاد کشمیر الیکشن میں بھی بظاہر تحریک انصاف کا ہی پلڑہ بھاری ہے، امکان ہے کہ وفاق کی موجودہ حکمراں جماعت پہلی مرتبہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں