صرف وفاقی وزرا پرچم والی گاڑی استعمال کرسکیں گے، کابینہ کا فیصلہ

صرف وفاقی وزرا پرچم والی گاڑی استعمال کرسکیں گے، کابینہ کا فیصلہ

کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف وفاقی وزراء ہی قومی پرچم والی گاڑی استعمال کرسکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس کے اعلامیے کے مطابق صرف وفاقی وزراء ہی پرچم والی گاڑی استعمال کرسکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں بھی فلیگ ایکٹ پر عملدرآمد کا حکم دیا، اس موقع پر وفاقی وزرا او ر وزرائے مملکت کے پروٹوکول کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا کہ تحریک انصاف حکومت پروٹوکول کلچر کے خلاف ہے، پروٹوکول اور سیکیورٹی سے متعلق سادگی کی ابتدا اپنی ذات سے کی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکل مدنظر رکھتے ہوئےنجی و سماجی مصروفیات تقریباً ترک کی ہوئی ہیں۔

وزیراعظم نے تمام وزراء کو ہدایت کی کہ وہ سیکیورٹی ضروریات کا از سر نو جائزہ لیں، اس پر کابینہ میں فیصلہ ہوا کہ سیکیورٹی ضروریات کے پیش نظر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے گاڑی پر پرچم لہرانے کی پالیسی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی آرڈیننس 2021 اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی آرڈیننس 2021 کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے آئی سی ٹی سیف سٹی اتھارٹی ایکٹ2021 کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھیجنے کی منظوری دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں