کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان مین ریلوے لائن ٹوٹ گئی، عوام ایکسپریس حادثے سے بچ گئی

کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان مین ریلوے لائن ٹوٹ گئی، عوام ایکسپریس حادثے سے بچ گئی

کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان اپ ٹریک کی پٹری ایک مقام پر ٹوٹ گئی ہے، علاقہ مکینوں نے کراچی سے پشاور جانے والی 13 اپ عوام ایکسپریس ٹرین کو روک کر حادثے سے بچا لیا۔ 

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس نے کوٹری عبور کیا تو اچانک ریلوے ٹریک پر علاقہ مکین نے کھڑے ہوکر ٹرین ڈرائیور کو خطرے سے آگاہ کرنا شروع کردیا جس پر ڈرائیور نے ٹرین کو روک لیا۔ 

ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین ڈرائیور نے لوگوں کی نشاندہی پر ریل کے مین اپ ٹریک کو دیکھا تو پٹری ایک جگہ سے ٹوٹی ہوئی تھی۔ 

ٹرین ڈرائیور نے ٹوٹی ہوئی پٹڑی کی تصاویر بنائیں اور متعلقہ ریلوے حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ 

ریلوے ذرائع کے مطابق ہدایت ملنے ٹرین ڈرائیور نے عوام ایکسپریس کو بہت کم رفتار سے اس مقام سے گزارا اور اب ٹرین منزل مقصود کی طرف رواں دواں ہے۔ 

ریلوے ذرائع کے مطابق ٹوٹی ہوئی پٹری کی تاحال مرمت شروع نہیں کی جاسکی ہے، کراچی سے اندرون ملک جانے والی دیگر ٹرینوں کو اس مقام پر روک کر کم رفتار سے گزارنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی ایکسپریس بی اسی طرح ٹوٹی ہوئی پٹری کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں