پشاور (بیورو رپورٹ) 35 سال سے ایمانداری اور فرض شناسی سے کام کرنے والے ملازم کو صلہ مل گیا، سول ایوی ایشن نے نائب قاصد کو پشاور ایئرپورٹ کا ائیرپورٹ مینجر بنا دیا- تفصیلات کےمطابق پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک نئی روایت کا آغاز کرتے ہوئے ادارے کے عہدیداروں نے فرض شناس اور دیندار نائب قاصد محمد جعفر کو ریٹائرمنٹ پر انوکھے انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
سینئرایڈیشنل ڈائریکٹر عبیدالرحمن عباسی نے 35 سال سے اپنی ڈیوٹی مکمل ایمانداری اور فرض شناسی کے کرنے کے صلے میں نائب قاصد کو ایک دن کے لئے اعزازی طور ائیرپورٹ مینجر بنادیا۔ اس موقع پر سینئرایڈیشنل ڈائریکٹر عبیدالرحمن عباسی کا کہنا تھا کہ مدت ملازمت پوری کرنے والے سی اے اے کے نائب قاصد محمد جعفر نے دوران ملازمت فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد جعفر نے دوران ملازمت اپنی ڈیوٹی کے دوارن اپنے فرائض بہت خوش اسلوبی سے انجام دیئے، 35سال ملازمت کے دوران ہمیں ان کیخلاف کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی کے مطابق جعفر نے اپنی پوری سروس میں کبھی کوتاہی نہیں کی اور اسے نہ کبھی شوکاز ملا نہ ہی اسکے خلاف کوئی رپورٹ فائل ہوئی۔
انکا کہنا تھا کہ رٹائرمنٹ کے دن سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے انکی خدمات کو سراہا گیا اور جعفر کے لئے دعوت رکھی گئی۔ جعفر کو ایک دن کے لیے اعزازی ایئر پورٹ مینیجر بھی تعینات کیا گیا اور ایک دن کا اعزازیہ دینے کے بعد پروٹوکول اور سرکاری گاڑی میں نائب قاصد جعفر کو گھر رخصت کیا گیا۔