گتہ فیکٹری میں آتشزدگی، فردوس عاشق بھی پہنچ گئیں

سیالکوٹ: گتہ فیکٹری میں آتشزدگی، فردوس عاشق بھی پہنچ گئیں

سیالکوٹ میں گتہ بنانے والی فیکٹری میں لگی آگ پر 11 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی آگ کی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔

آگ پر قابو پانے کے بعد متاثرہ فیکٹری میں کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ لگنے کے باعث فیکٹری میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کا واقع ڈسکہ روڈ پر سیالکوٹ یونیورسٹی کے قریب گتہ بنانے والی فیکٹری میں پیش آیا جہاں فیکٹری کے بیسمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ آگ بجھانے میں 4 اضلاع کی 23 فائر بریگیڈ گاڑیوں نے حصہ لیا۔

آگ بجھانے کے آپریشن میں سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور نارووال کی ٹیمیں شامل تھیں۔

متاثرہ گتہ فیکٹری میں امدادی کارروائی دیکھنے معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی آگ لگنے کے مقام پر پہنچیں۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں لگی آگ کے واقعے کا تعین کیا جائے گا، واقعہ سازش ہے یا غفلت تحقیقات ہو گی اور نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے ریسکیو ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفیکٹ اور انعام دیا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں