ایڈوانس انکم ٹیکس وصولی کیخلاف پاکستان کیمسٹس ایسوسی ایشن کی احتجاج کی دھمکی

ایڈوانس انکم ٹیکس وصولی کیخلاف پاکستان کیمسٹس ایسوسی ایشن کی احتجاج کی دھمکی

ادویہ سازی کی صنعت سے پیشگی انکم ٹیکس وصولی کے خلاف ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔

پاکستان کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن نے قومی ادویہ سازی کی صنعت سے ایڈوانس انکم ٹیکس کی وصولی کے خلاف ملک بھر کے پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے اورملک گیر شٹر ڈان ہڑتال کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو قومی ادویہ سازی کی صنعت سے پیشگی انکم ٹیکس وصولی کا فیصلہ مہنگا پڑے گا۔

مذکورہ فیصلے کیلئے حکومت کی جانب سے کسی بھی اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

کراچی پریس کلب میں منگل کو پی سی ڈی اے کے چیئرمین صلاح الدین شیخ، غلام ہاشم نورانی، عبد الصمد بڈھانی، حاجی عارف میمن و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوئی ایسے فیصلے نہ کرے جس سے صحت کا شعبہ متاثر ہو، کیونکہ یہ بہت ہی حساس شعبہ ہے۔

صلاح الدین شیخ نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ قابل عمل نہیں، ایڈوانس انکم ٹیکس کی وصولی کا طریقہ کار صنعت کی لاگت میں مزید اضافے کا سبب بنے گا جبکہ ادویہ سازی کی صنعت پہلے ہی بوجھ تلے دبی ہوئی ہے حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، ڈسٹری بیوٹرز ملک بھر کے ہزاروں ریٹیلرز سے دستاویزات کیسے جمع کریگا؟

لہذا پہلے مرحلے میں ہم ملک بھر کے پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور دوسرے مرحلے میں ملک گیر شٹر ڈان ہڑتال کرینگے۔

ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے صدر محمد زبیر میمن اور سیکریٹری اسلم پولانی نے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ملک کی سب سے بڑی میڈیسن مارکیٹ کچھی گلی کراچی کو احتجاجاً مکمل بند کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔

علاوہ ازیں ہول سیل کیمسٹ کونسل کے چیئرمین عاطف بلو نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ وہ معیشت درست کرنے کیلئے صحت کے نظام کو جڑ سے نہ اکھاڑیں اور فوری طور پر پیشگی انکم ٹیکس وصولی کا فیصلہ واپس لینے میں تاخیر نہ کریں، کیونکہ ملک میں جاری کورونا ایمرجنسی کی ہنگامی طبی مہم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ لاحق ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں