میری فیملی پاکستان میں محفوظ نہیں، جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ،میرا

لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستانی اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کی جانب سے ان کی جائیداد پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے، ان کی فیملی پاکستان میں محفوظ نہیں ہے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔لاہور پریس کلب میں والدہ اور بھائی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے کہا کہ میرے خاندان کے ساتھ بہت ناانصافی اور ظلم ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں امریکا میں تھی، اس کے بعد میں دبئی میں تھی، یہاں قبضہ مافیا ہے جو لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرتا ہے اور لوگوں کی جانیں لیتا ہے۔اداکارہ میرا نے کہا کہ میں یہ سوچ رہی تھی کہ میری فیملی پاکستان میں محفوظ نہیں ہے، میری والدہ پر تشدد کیا گیا اگر پولیس بروقت کاروائی نہ کرتی تو قبضہ مافیا انہیں قتل کردیتی۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں اپنی پراپرٹی پر قبضہ کرنے والے شاہد نامی ملزم کی تصویر دکھائی اور کہا کہ یہ عادی مجرم ہیں، میری درخواست ہے کہ میڈیا ولن کو ولن اور ہیرو کو ہیرو رہنے دے۔

اداکارہ میرا نے مزید کہا کہ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ ان کے ساتھ کسی قسم کی ٹرانزیکشن، کوئی خرید و فروخت، کاروبار مت کریں، یہ ایک فراڈ اور مجرم ہے، انہوں نے میرے اہلخانہ پر حملہ کیا میں اگر پاکستان میں ہوتی تو شاید ایسا نہ ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگ جن کی آوازیں دوسروں تک پہنچ نہیں سکتیں تو ان کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔میرا کا کہنا تھا کہ اگر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر بروقت کارروائی نہ کرتے تو شاید جانی و مالی نقصان ہوجاتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاہد نامی ملزم نے ایم ایم عالم روڈ پر ان کی پراپرٹی پر قبضے کی کوشش کی، اس کے علاوہ ان کی والدہ کے ایک اور گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہوں نے پیسے دیے تھے تو وہ منی ٹرانزیکشن دکھائیں کہ انہوں نے جائیداد کی رقم کی ادائیگی کہاں کی ہے۔اداکارہ میرا نے کہا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید سے درخواست ہے کہ ملزم شاہد محمود کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور میرے گھر والوں کو تحفظ دیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے عدالت کے ذریعے اپنی جائیداد پر حکم امتناع حاصل کرلیا ہے، یہ معاملہ عدالت میں زیرِ التوا ہے۔میرا کا کہنا تھا کہ میں سی سی پی او لاہور کی مشکور ہوں کہ انہوں نے وقت پر کارروائی کی اور ایف آئی آر درج کی، انکوائری کی، پولیس کی جانب سے ملزم کو طلب کیا جاچکا ہے لیکن وہ اپنا بیان دینے کے لیے نہیں آرہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاہد نامی شخص کے پاس جعلی دستاویزات ہیں، ان کے ساتھ کسی دستاویز پر دستخط نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں