سپر ہائی وے پر ملزمان کی فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق

جنگ نیوز

کراچی میں سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا، واردات میں ملوث ایک ملزم کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار سپر ہائی وے پر جمالی پل کے قریب پہنچے تو ملزمان نے انھیں دیکھتے ہی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سینے پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق واردات میں تین ملزمان ملوث تھے جو فرار ہوکر افغان بستی کے قریب پہنچے تھے جہاں اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا گیا اور ایک ملزم کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا گیا۔

ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ڈاکو کو شہید اہلکار کے ساتھیوں نے شناخت کرلیا ہے، دیگر دو ملزمان تاحال فرار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں