بجٹ میں مختلف شعبوں کے لیے سبسڈی کی مد میں 682 ارب روپے مختص

بجٹ میں مختلف شعبوں کے لیے سبسڈی کی مد میں 682 ارب روپے مختص

آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پاور سیکٹر، پٹرولیم، پاسکو، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور کھاد سمیت مختلف شعبوں کے لیے سبسڈی کی مد میں 682 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

آئندہ مالی سال کے لیے مختص سبسڈی رواں مالی سال کے مقابلے میں 226 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم میٹرو بس سروس پر دی جانے والی سبسڈی آدھی کردی گئی ہے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق مجموعی سبسڈی 209 ارب روپے سے بڑھاکر 682 ارب روپے کردی گئی ہے، پاور سیکٹر کی سبسڈی میں 457 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو 139 ارب روپے 50 کروڑ روپے سے بڑھاکر 596 ارب روپے کی گئی ہے۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو دی جانے والی سبسڈی 129 ارب روپے سے بڑھا کر 245 ارب روپے کردی گئی ہے۔ کے۔الیکٹرک کے لیے سبسڈی ساڑھے 10ارب روپے سے بڑھاکر 85 ارب روپے کردی گئی ہے۔

گردشی قرض کنٹرول میں رکھنے کے لیے بجٹ میں آئی پی پیز اور پاور ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کےلیے 266 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پٹرولیم سیکٹر کی سبسڈی 10 ارب روپے سے بڑھاکر 20 ارب روپے کی گئی ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے لیے سبسڈی 3 ارب سے بڑھاکر 6 ارب کردی گئی ہے۔

میٹرو بس سروس کی سبسڈی 2 ارب سے کم کرکے ایک ارب روپے کردی گئی ہے۔

کھاد سیکٹر کے لیے 6 ارب روپے، نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی 30 ارب رو پے اور نیا پاکستان قرضوں کےلیے مارک اپ پر 3 ارب روپے کی سبسڈی رکھی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں