کراچی میں پی ٹی آئی رہنما کی مسروقہ گاڑی کا پتا نہ چل سکا

کراچی کے علاقے منگھوپیر سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما کی لینڈ کروزر گاڑی چوری ہوگئی، متاثرہ شخص نے دعویٰ کیا کہ گاڑی میں 25لاکھ روپے کی نقد رقم بھی تھی اور چوری کرنے والے ملزمان کالے رنگ کی ڈبل کیبن میں تھے۔

منگھوپیر میں اجتماع گاہ روڈ سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما کی لینڈ کروزر چوری ہوگئی، مقامی رہنما علی بادشاہ نے دعویٰ کیا کہ چوری ہونیوالی لینڈ کروزر میں 25لاکھ نقد رقم اور لائسنس یافتہ پستول بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی دفتر سے گھر گیا تو گاڑی چوری ہوگئی۔

علی بادشاہ نے کہا کہ  لینڈ کروزر چوری کے لئے آنے والے ملزمان کالے رنگ کی ڈبل کیبن میں تھے، گھر اور دفتر کے درمیان 30 سے 40 سیکنڈ کا فاصلہ ہے، لینڈ کروزر ریموٹ کے بغیر نہیں اسٹارٹ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ منگھوپیر تھانے میں درج کروادی ہے۔

واقعہ کی سی سی ٹی وی جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے، چوری کی گئی لینڈ کروزر منگھوپیر اور متصل سڑکوں سے نکلتی ہوئی نظر آرہی ہے، چوری ہونے والی لینڈ کروزر کے پیچھے کالے رنگ کی مشتبہ ڈبل کیبن بھی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں