پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت نے بیوہ بہنوں کو 22 سال بعد وراثتی جائیداد کا حق دلوادیا

راولپنڈی (جنرل رپورٹر ) پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت نے بیوہ بہنوں کو 22 سال بعد وراثتی جائیداد کا حق دلوادیا۔ تفصیلات کے مطابق پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 2 بیوہ بہنوں تنظیم اختر اور تنویر سہراب نے اپنی وراثتی زمین پر قبضے اور وراثت کی تقسیم کے معاملہ کے حوالہ سے پاکستان سٹیزن پورٹل پرشکایت کی ، جس پر وزیراعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیا۔
پاکستان سٹیزن پورٹل پر کی گئی شکایت میں دونوں بیوہ بہنوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بنا موقف جانے ان کی شکایت کو خارج کیا لہذا ہماری دادرسی کی جائے ، اس پر وزیراعظم عمران خان نے چیف سیکرٹری پنجاب کو اس حوالے سے فوری انکوائری کی ہدایت کی ، جس کے نتیجے میں 2 بیوہ بہنوں تنظیم اختر اور تنویر سہراب کو 22 سال بعد وراثتی جائیداد کا حق مل گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے متعلہ حکام کو ہدایت کی کہ راولپنڈی ڈویڑن کے تمام ریونیو افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کی جائے جب کہ اعلیٰ افسران اپنے ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیں ، جس کے بعد راولپنڈی کے سرکاری افسران کی کارکرگی رپورٹ جلد وزیراعظم آفس کو روانہ کی جائے ، جس کے نتیجے میں سرکاری افسران کے عوامی شکایات سے متعلق ڈیش بورڈز کی جانچ پڑتال کی جائے اور افسران عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
دونوں بیوہ بہنوں تنظیم اختر اور تنویر سہراب نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دن ہمارے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے جب 22 سال کی جدوجہد کے بعد ہمیں ہمارا وراثتی حق ملا ہے، اس پر ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں اور ان کے لئے دعا گو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں