مریم نواز اب چچا کو بچانے کیلئے کوشاں ہیں، فردوس اعوان

مریم نواز اب چچا کو بچانے کیلئے کوشاں ہیں، فردوس اعوان

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز اب اپنے چچا کو بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان عوام کے وسائل پر نہ ڈاکا ڈالے گا نہ ڈاکا ڈالنے دے گا۔

انہوں نے مریم نواز کی طرز سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب اپنے چچا کو بچانے کی کوشش کررہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہاکہ پانی پر سیاست کی جارہی ہے، سندھ، پنجاب میں پانی کا تنازع صرف وفاق کو کمزرو کرنے کی سازش ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب بڑا بھائی ہونے کے باعث اپنی قربانی پہلے بھی دیتا رہا ہے، سندھ میں وڈیرے پانی چوری کرتے ہیں سندھ حکومت اس چوری پر پہرا دیتی ہے، پانی کی تقسیم کے لیے ڈیجیٹل سسٹم ہونا چاہیے۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ میڈیا پر آکر صوبائیت کا پرچار کیا جاتا ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں، روزانہ میڈیا پر بیٹھ کر پنجاب کو گالیاں دینا سندھ کارڈ کھیلنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ سالانہ منصوبے میں 36 کلو میٹر رنگ روڈ کا بجٹ رکھا جائے گا، اس منصوبے میں کرپشن کے مرتکب افراد کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی ایک خاندان ہے، خاندان میں پھلجڑیاں پٹاخے چلتے رہتے ہیں، بجٹ کی منظوری کے لیے پی ٹی آئی کا ہر ممبر عمران خان کی حمایت کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی سے سیاحت کی بحالی تک سفر شروع کیا ہے، پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہم بلدیاتی اداروں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں، بلدیاتی اداروں کے نمائندے کہیں تالے توڑ رہے ہیں کہیں احتجاج کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں