تین سالوں میں خان صاحب نے ملک کی تباہی کی، مرتضی وہاب

جنگ نیوز

 ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو 1 ہزار دن ہو چکے ہیں، خان صاحب نے 100 روز میں تبدیلی کا وعدہ کیا تھا، تین سالوں میں خان صاحب نے ملک کی تباہی کی۔

مرتضیٰ وہاب نے  پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ  خان صاحب نے وعدہ کیا تھا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، مراد سعید نے 2 سو ارب روپے ملک میں واپس لانے کا کہا تھا، کل وزیر اعظم نے کہا ہماری اگلی حکومت میں پاکستان ترقی کرے گا، بجٹ پیش کرنے سے قبل سیکریٹری خزانہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اقتدار سے پہلے خان صاحب نے کہا تھا میں عوام کی تقدیر بدل دوں گا، ہر شعبے سے لوگوں کو نکالا گیا ہے، خان صاحب نے پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، غریب آدمی کا گھر گرادیا اور ان سے چھت چھین لی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں معیشت جب بہتر ہوگی جب جمہوریت بہتر ہوگی، خان صاحب کو یو ٹرن لینا بند کرنے ہوں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا  کہ وفاقی حکومت نے ریکارڈ قرضے لیے، ملک میں بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہورہا ہے، کہتے ہیں ٹیکس اور معیشت صیحح سمت میں جارہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ ریونیو بورڈ نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 19فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے، ہمیں این ایف سی کا صیحح حصہ نہیں دیا جا رہا، سندھ کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ زمینی حقائق کے مطابق ہمیں ہمارے حصے کا پانی نہیں مل رہا، وفاقی حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے سندھ کو گیس لوڈ شیڈنگ کا بھی سامنا رہا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خود سے کراچی کے لیے پیسے نہیں نکال رہی، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبے لائے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں