سعودی عرب کے بعد کویت میں بھی ہزاروں پاکستانیوں کیلئے روزگار کی خوشخبری

اسلام آباد (حالات میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے بعد کویت میں بھی ہزاروں پاکستانیوں کیلئے روزگار کی خوشخبری سنادی گئی ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے کویت کے لئے ویزے بحال کرائے ، پاکستانیوں کو سعودی عرب اور کویت میں روزگار کے بہت مواقع ملیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کویت کے لئے میڈیکل، تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں مواقع اور فیملی ویزہ کی سہولت بحال ہوگئی ہے، پاکستان سے ڈاکٹرز اور تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ افرادی قوت کویت میں ملازمتوں کے لئے جائے گی، 425 ڈاکٹرز اسی ہفتہ چلے جائیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایک روزہ دورے پر کویت گیا ، اس لیے ویزوں کی بحالی کا وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے، یہ بہت بڑا مسئلہ تھا جو ان کی حکومت نے حل کیا ، غیر ملکی ترسیلات زر کا پاکستانی معیشت میں بڑا کردار ہے ، سعودی عرب میں 30 لاکھ ملازمتوں کے مواقع ہیں جس میں سے 30 فیصد پاکستانیوں کو ملیں گی ، پاکستانی معیشت کو اس سے استحکام حاصل ہو گا۔
خیال رہے کہ کویت نے 10 سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے بحال کر دیئے ، اس حوالے سے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی کویت کے وزیر اعظم صباح الخالد ال صباح سے ملاقات ہوئی ، جس میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی ، اس کے علاوہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی اور انہیں وزیر اعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا ، اس موقع پر کویتی وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا اعلان کیا ، اس کے علاوہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ میڈیکل اور ا?ئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہو گی، اس موقع پر کویتی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات 7 دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔
جب کہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں، پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے مسائل درپیش تھے ، پاکستانی لیبر کا کویت کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے، ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ، جب کہ کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں