وزیراعظم کا ویکسین کی تیاری کیلئے سہولت فراہم کرنے پر چین کا شکریہ

سی پیک سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قومی ادارہ صحت میں عالمی وبا کورونا ویکسین کی تیاری میں سہولت فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان  پاک چین تعلقات اور کورونا ویکسین کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں وزرائے اعظم کے درمیان پاک چین تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ  بھی کیا گیا۔

اس دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سال 2021ء پاک چین تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کا خصوصی موقع ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے  کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاک چین تعاون پر روشنی ڈالی گئی، وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین کی فراہمی میں تعاون پر چین کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ این آئی ایچ میں ویکسین کی تیاری کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستانی کوششوں کومستحکم کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کا چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) سے متعلق کہنا ہے کہ سی پیک دوطرفہ اور علاقائی تجارت کو مزید تقویت دے گا، سی پیک سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں