صحت بخش گرمی کی شدت سے بچانے والے مشروبات

گرمی کی شدت سے بچانے واlے مشروبات

ملک بھر میں گرمی کی شدّت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، ایسے میں  ہر کوئی  متعدد بیماریوں اور پیٹ سے جڑی شکایتوں میں گھِرا نظر آتا ہے،  تپتے موسم میں چند مشروبات کے استعمال سے گرمی کے سبب پیش آنے والے ان مسائل سے چھٹکارہ حاصل کر کے گرمیوں کو بہتر انداز میں گزارا جا سکتا ہے۔

گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے جسم میں پانی کی مقدار کا برقرار رہنا بھی نہایت ضروری ہے، سال کے گرم مہینوں کے آتے ہی تیز دھوپ، تپتی دوپہر، گرمی اور لو کی وجہ سے جسم کے درجہ حرارت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں جسم میں پانی کی کمی کے سبب دیگر مسائل کا سامنا رہتا ہے۔

 غذائی ماہرین کی جانب سے تجویز کیے گئے چند ایسے مشروبات مندرجہ ذیل ہیں جن کے استعمال سے شدید گرمی کے دوران بھی خود کو تروتازہ اور توانا رکھا جا سکتا ہے۔

سادہ پانی کی مقدار بڑھائیں

طبی ماہرین کے مطابق جسم میں نمکیات اور پانی کا توازن برقرار رکھنے کے لیے ہر انسان کو خواہ بچہ ہو یا بوڑھا، مرد ہو یا عورت گرمیوں کے آغاز سے ہی سادہ پانی کا استعمال بڑھا دینا چاہیے، اس دوران زیادہ میٹھے اور پروسیسڈ، ڈبے کے مشروبات سے پرہیز کریں۔

لیموں پانی، شکنجبین کا استعمال

گرمیوں کے موسم میں لیموں پانی کا استعمال بھی بے حد ضروری ہے، لیموں پانی کے ساتھ استعمال سے جسم نا صرف ہیٹ اسٹروک سے بچ جاتا ہے بلکہ گلوکوز کا لیول بھی برقرار رہتا ہے، گرمیوں میں روزانہ 2 گلاس لیموں پانی کا استعمال لازمی کریں۔

میٹھی، نمکین یا کچی لسی کا استعمال

گرمیوں میں لسی کا استعمال بھی لُو اور ہیٹ اسٹروک سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، لسی تاثیر میں ٹھنڈی اور ذود و ہضم مشروب ہے، دہی اور دودھ کی مدد سے میٹھی یا نمکین لسی بنا کر فریج میں رکھ دیں اور باہر سے آنے والے ہر فرد کو پیش کریں اور بچوں کو بھی وقتاً فوقتاً پلائیں۔

کچی لسی نہایت مفید مشروب ہے، کچی لسی بنانے کے لیے ایک کپ دودھ کو ڈیڑھ یا دو لیٹر پانی میں شامل کریں اور ہلکا نمک شامل کر کے سارا دن اس مشروب کو پیئں، لو اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ ممکن ہوگا۔

کیری کا شربت

موسمی پھل کیری کے صحت پر حیرت انگیز فوائد مرتب ہوتے ہیں، گرمیوں میں کیری کا استعمال بطور سلاد یا اس کی چٹنیاں بنا کر بھی کیا جاتا ہے۔

کیری کے شربت کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے، گرمیوں کے موسم میں کیری کا شربت جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے انتہائی مفید قرار دیا جاتا ہے، کیری میں موجود اجزا جسم کے درجہ حرارت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ناریل پانی

گرمیوں میں روزانہ دن میں 2 سے 3 مرتبہ ناریل پانی پینا چاہیے، اس سے نا صرف جسم کا درجہ حرارت کم رہتا ہے بلکہ بھرپور مقدار میں وٹامنز اور منرلز بھی حاصل ہوتے ہیں۔

ناریل پانی میں کینسر کے خلاف لڑنے اور بڑھتی عمر کے اثرات روکنے کی بھی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں