طاہر اشرفی کا 14مئی کو ملک گیر یوم فلسطین منانے کا اعلان

طاہر اشرفی کا 14مئی کو ملک گیر یوم فلسطین منانے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی نے 14 مئی کو ملک بھر میں یوم فلسطین منانے کا اعلان کردیا ۔

پریس کانفرنس کے دوران طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیر خارجہ کو بیت المقدس کی صورتحال پر پوری دینا سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ عالمی دنیا بیت المقد س کے معاملے پر خاموش کیوں ہے؟ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں مسئلہ فلسطین و کشمیر زیر بحث آئے۔

طاہر اشرفی نے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ولی عہد کا وزیراعظم کا استقبال اس بات کی دلیل ہے کہ پاک سعودی تعلقات مضبوط ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بھی مکہ مکرمہ میں ملاقات کی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نےدورہ سعودی عرب کے دوران تمام آئمہ و علما کرام سے مطالبہ کیا کہ ہمیں متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

طاہر اشرفی نے کہاکہ پاک سعودی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ امہ کے مسائل کے حل کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے، پاک سعودی عرب تعلقات مستقبل قریب میں مزید قریب نظر آئیں گے۔

اُن کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے خوامخواہ پروپیگنڈا کیا گیا ہے، عمران خان کی دورہ پاکستان کی دعوت محمد بن سلمان نے قبول کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے ساتھ 5 معاہدے ہوئے ہیں، کورونا کی صورتحال میں 16 لاکھ ڈالر کی طبی اشیاء پاکستان کو دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ ہم امداد نہیں تجارت کے ذریعے تعلقات آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاک سعودیہ دو قوموں اور عقیدوں کا تعلق ہے، شخصیات آتی جاتی رہتی ہیں، سعودیہ کا کشمیر کے حوالے سے موقف وہی ہے جو ہمارا موقف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں