فواد چوہدری کا پریس کلبز کے عہدیداروں سے ورچوئل خطاب

فواد چوہدری کا پریس کلبز عہداروں سے ورچوئل خطاب

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل کو صحافیوں کی سلامتی اور حقوق کے تحفظ کے لیے بڑی پیشرفت قرار دیا ہے۔

کراچی، لاہور اور اسلام آباد پریس کلب کے عہدیداروں سے ورچوئل اجلاس کے دوران فواد چوہدری نے خطاب کیا جبکہ وزیر مملکت فرخ حبیب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد پریس کلب کے صدر شکیل انجم، سیکریٹری انور رضا، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری رضوان بھٹی اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری بھی شریک ہوئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل صحافیوں کی سلامتی اور حقوق کے تحفظ کیلئے بڑی پیشرفت ہے، بل کے تحت صحافیوں سے خبر کے ذرائع نہیں پوچھے جاسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کی سیفٹی ان کے متعلقہ اداروں پرلازمی قرار دے دی گئی ہے، کنفلکٹ زونز میں کوریج کے لئے صحافیوں، میڈیا ورکرز کو حفاظتی سامان دینا ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہاکہ میڈیا کے واجبات کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جاچکے ہیں، 15 دنوں میں 34 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں، مزید چیک عید کے فوری بعد جاری کیے جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھاکہ صحافیوں کیلئے ہاؤسنگ کی سہولیات لانا چاہتے ہیں، پریس کلب طریقہ کار مرتب کریں جبکہ صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام کیساتھ منسلک کرنے کا منصوبہ زیرغور ہے۔

فواد چوہدری نےکہاکہ ریاست کے مفاد کا تحفظ ہم سب کیلئے مقدم اور پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ میں عیدالفطر کے فوری بعد پریس کلبز کے دوروں کا آغاز کروں گا۔

عہدیداران پریس کلب نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ قانون سازی کے عمل کی تکمیل میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں