عید پر قیدیوں کو تحائف دینے کا اعلان

پنجاب: عید پر قیدیوں کو تحائف دیئے کا اعلان

پنجاب میں عیدالفطر کے موقع پر صوبے کی مختلف جیلوں میں بند قیدیوں کو تحائف دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایک بیان میں آئی جی جیل پنجاب مرزا شاہد بیگ کا کہنا ہے کہ پہلی بار قیدیوں کو عید پر نئے سوٹ اور تحائف دیئے جائیں گے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سیکریٹری داخلہ مومن آغا قیدیوں کو تحائف دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین قیدیوں کو سوٹ، کون مہندی اور چوڑیاں بھی تحفے میں ملیں گی، قیدی ماؤں کے ساتھ رہنے والے بچوں کو نئے کپڑے، کھلونے اور بسکٹ بھی ملیں گے۔

آئی جی جیل پنجاب کا کہنا ہے کہ عید کے دن مرد قیدیوں کو نئے کپڑے، شیمپو، صابن اور ٹوتھ پیسٹ بھی ملے گا، عید کے روز قیدیوں کو ناشتے میں سوئیاں، حلوہ اور پراٹھا دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عید الفطر کے دن دوپہر کے کھانے میں چکن قورمے سے قیدیوں کی تواضع کی جائے گی۔

آئی جی جیل پنجاب مرزا شاہد بیگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ جیل کے گریڈ 5 تک کے عملے کو 1500 روپے عیدی دی جائے گی۔

اس ضمن میں محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر پر قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں