وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں چالیس فی صد تک بڑھا چکے ہیں۔ سرکلر ڈیٹ کے مسائل کو آئندہ چند مہینوں میں جامع طور پر حل کرلیں گے۔
پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر وقار مسعود کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے ماضی کی طرح اس دفعہ بھی ہمدردی اور ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ایسے اقدامات جن سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا، اس پر دوبارہ غور کرنے کو تیار ہیں۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں سیکریٹری خزانہ کامران افضل کا کہنا تھا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، انسداد کورونا کے لیے آئی ایم ایف سے فوری فنڈز کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ جون کے دوسرے ہفتے میں پیش ہوگا، بجٹ اسٹریٹیجی پیپر میں تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔