33

نون لیگ کا بارہواں کھلاڑی بشیر میمن کلین بولڈ ہو چکا: فرخ حبیب

وزیرِ مملکت برائے اطلاعا ت و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کا بارہواں کھلاڑی بشیر میمن کلین بولڈ ہو چکا ہے۔

فیصل آباد میں کورونا ویکسی نیشن سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ کبھی کہتے ہیں کہ ڈبے غائب، کبھی کہتے ہیں پریذائیڈنگ آفیسر غائب ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگانے والے انتخابی اصلاحات سے کیوں بھاگ رہے ہیں، شہباز شریف اس لیے ووٹنگ سے بھاگ رہے ہیں کیونکہ چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ایک تھی پی ڈی ایم، وہ اپنے آپ دفن ہو چکی ہے جس میں شامل جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف اپوزیشن کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسترد ٹولہ ہے جس کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، وزیرِ اعظم عمران خان پر جھوٹے الزام لگانے پر انہیں معافی مانگنی چاہیئے۔

وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ دھاندلی زدہ نظام کی پیداوار انتخابی اصلاحات نہیں چاہتے، شہباز شریف ایسا نظام بتا دیں جس سے دھاندلی کا خاتمہ ہو سکے۔

فرخ حبیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف ادھر ادھر کی ٹامک ٹوئیاں مارنے کی بجائے انتخابی اصلاحات کا حصہ بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں