این اے 249، نون لیگ کی پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست

این اے 249، نون لیگ کی پولنگ کیلئے اضافی وقت کی درخواست

کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مسلم لیگ نون نے الیکشن کمیشن کو پولنگ کے لیے وقت بڑھانے کی درخواست دے دی۔

مسلم لیگ نون کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست کی ہے۔

اس سلسلے میں مفتاح اسماعیل نے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ رمضان کے گرم ترین دن کی وجہ سے پولنگ عمل کی رفتار بہت سست ہے۔

انہوں نے خط میں کہا ہے کہ ووٹرز کی بڑی تعداد بھی ووٹ ڈالنے ابھی تک پولنگ اسٹیشن نہیں پہنچی ہے، گرمی اور روزے کی وجہ سے ووٹرز دوپہر کے بعد ووٹ ڈالنے نکلیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں پولنگ کا وقت 2 گھنٹے بڑھا دیا جائے۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کے لیے اضافی وقت دینے کی درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ حلقے میں ضمنی انتخاب میں آج صبح 8 بجے ووٹنگ شروع ہوئی تھی، الیکشن کمیشن کی جانب سے شام 5 بجے تک ووٹ ڈالنے کے اوقات کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔

این اے 249 میں ضمنی انتخاب پاکستان تحریکِ انصاف کے فیصل واؤڈا کے مستعفی ہونے پر ہو رہے ہیں۔

فیصل واؤڈا سینیٹر منتخب ہونے پر قومی اسمبلی کی اس نشست سے مستعفی ہوئے تھے۔

سندھ حکومت نے آج این اے 249 میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں