شہباز شریف کی رہائی سے قبل اور بعد کیا کیا ہوا؟

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے 7 ماہ بعد گھر پہنچنے پر پارٹی کی نائب صدر اور بھتیجی مریم نواز نے اُن کا استقبال کیا۔

منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف جیل سے ضمانت پر رہا ہوگئے۔

جیل سے باہر آنے پر حمزہ شہباز، رانا ثناء اللّٰہ اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا، کارکنوں کو کورونا وائرس کے باعث آنے سے روک دیا گیا تھا۔

ن لیگی صدر کے ماڈل ٹاؤن پہنچنے پر مریم نواز نے اُن کا استقبال کیا، اس موقع پر اُن کی اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی۔

شہباز شریف کو 28 ستمبر 2020ء میں نیب نے گرفتار کیا تھا، وہ آج لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظوری کے بعد رہا ہوئے۔

اس سے قبل سیف الملوک کھوکھر اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے 50،50 لاکھ روپے کے مچلکے احتساب عدالت میں جمع کروائے جس کے بعد اُن کی رہائی روبکار جاری کی گئی۔

لاہورہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے 22 اپریل کو جسٹس سرفراز ڈوگر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے شہباز شریف کی درخواست ضمانت متفقہ طور پر منظور کی تھی۔

رانا ثنا اللّٰہ نے شہبازشریف کی واپسی اور ملکی سیاست کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے اجلاسوں میں مریم نواز اور شہباز شریف دونوں ہی شرکت کیا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں